کائنات کا سب سے پراسرار علاقہ: Boötes Void
کائنات اپنی وسعت اور پراسراریت کے اعتبار سے انسان کے لیے ہمیشہ حیرت کا باعث رہی ہے۔ ماہرینِ فلکیات کے مطابق کائنات میں تقریباً دو ہزار ارب کہکشائیں موجود ہیں۔ اگر ان کہکشاؤں کو زمین کے تمام انسانوں میں برابر تقسیم کیا جائے، تو ہر شخص کے حصے میں تقریباً 250 کہکشائیں آئیں گی، جن میں اربوں نہیں بلکہ کھربوں ستارے اور سیارے پائے جاتے ہیں۔
یوں تو کائنات میں روشنی، ستارے اور سیارے بے شمار ہیں، لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ کائنات میں کچھ ایسے علاقے بھی موجود ہیں جہاں کچھ بھی نہیں ہے — نہ ستارے، نہ سیارے، نہ کہکشائیں۔ یہ علاقے مکمل تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
ایسا ہی ایک عجیب و غریب علاقہ سائنس دانوں نے 1981ء میں دریافت کیا۔ زمین سے تقریباً 70 کروڑ نوری سال دور یہ پراسرار علاقہ اپنی خالی وسعت کی وجہ سے مشہور ہے، جسے سائنسی زبان میں Boötes Void کہا جاتا ہے۔ یہ خلا کا ایک ایسا خطہ ہے جو بظاہر بالکل خالی ہے اور اس لیے وہاں اندھیرا ہی اندھیرا ہے، کیونکہ روشنی کی عکاسی کے لیے کوئی جسم موجود نہیں۔
سائنس دانوں کے مطابق کائنات جس رفتار سے پھیل رہی ہے، اس علاقے میں بھی ہزاروں کہکشائیں موجود ہونی چاہیے تھیں۔ لیکن حیرت انگیز طور پر یہاں کچھ بھی نہیں ہے، جس نے ماہرین کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا۔
یہ Boötes Void اتنا وسیع ہے کہ اگر کوئی ایسا خلائی جہاز بنایا جائے جو ایک سیکنڈ میں پاکستان سے امریکہ تک کا فاصلہ طے کر لے، تو بھی اس علاقے کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک پہنچنے میں تقریباً 300 کھرب سال لگ جائیں گے!
دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر ہم خلا میں خلائی جہاز بغیر سینسرز کے چھوڑ دیں تو وہ عام خلا میں موجود پتھروں اور دیگر اجسام سے ٹکرا کر تباہ ہو جائیں گے۔ لیکن اگر ہم ایسے ہزاروں جہاز Boötes Void میں چھوڑ دیں، تو وہ اربوں کھربوں سال تک سفر کرتے رہیں گے مگر کسی چیز سے ٹکرائیں گے نہیں — کیونکہ اس خطے میں واقعی کچھ بھی موجود نہیں۔
یہ پراسرار خلا ماہرین کے لیے ایک چیلنج ہے۔ بگ بینگ کے بعد کائنات کے ہر حصے میں مادہ یکساں طور پر پھیلا تھا، اور اسی سے کہکشائیں وجود میں آئیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ Boötes Void میں کائنات کا مادہ کیوں نہیں پہنچ پایا؟ وہاں ہزاروں کہکشائیں کیوں موجود نہیں؟
یہ آج بھی ایک عظیم کائناتی معمہ (Mystery) ہے۔ کائنات کی بے شمار خالی جگہوں میں سے یہ علاقہ سب سے بڑا اور حیران کن ہے، اور اسی لیے اسے کائنات کے سب سے پراسرار خطوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

Comments
Post a Comment